راولپنڈی( اے بی این نیوز )راولپنڈی میں ایک بار پھر واٹر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ خانپور ڈیم میں صرف ایک ماہ اور راول ڈیم میں تین ماہ کا پانی باقی رہ گیا ہے۔ واسا حکام نے خبردار کیا ہے کہ بارشیں نہ ہوئیں تو جڑواں شہروں میں پانی کا بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔
ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف کے مطابق کم بارشوں کی وجہ سے زیر زمین پانی کی سطح ساڑھے 600 فٹ تک نیچے جا چکی ہے، جبکہ راولپنڈی میں روزانہ کی پانی کی طلب 5 کروڑ گیلن سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ رسد صرف 3 کروڑ گیلن ہے۔
پانی کی کمی کو ٹیوب ویلز اور دیگر ذرائع سے پورا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم مسلسل بڑھتی آبادی اور کمرشل سرگرمیوں نے ذخائر کو متاثر کیا ہے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا ہے کہ اب پانی کے غیر ضروری استعمال پر مقدمات درج کیے جائیں گے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ پانی کے ضیاع سے گریز کریں اور موجودہ صورتحال میں واسا کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ بحران سے بچا جا سکے۔