اسلام آباد ( اے بی این نیوز )کیلی فورنیا ، میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے اعلان کیا ہے کہ واٹس ایپ کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 3 بلین (3 ارب) سے تجاوز کر گئی ہے، جس سے یہ دنیا کی چند سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپس میں شامل ہو گئی ہے۔
زکربرگ نے یہ اعلان میٹا کی حالیہ کانفرنس کال کے دوران کیا اور اسے کمپنی کے لیے ایک “اہم کاروباری پلیٹ فارم” قرار دیا۔ واٹس ایپ کی یہ تیز رفتار ترقی اس وقت سامنے آئی ہے جب 2020 میں اس کے صارفین کی تعداد 2 ارب تھی، اور 2014 میں جب فیس بک (اب میٹا) نے اسے 19 ارب ڈالر میں خریدا تھا، تب اس کے صارفین کہیں کم تھے۔
میٹا کی چیف فنانشل آفیسر سوسن لی کے مطابق، واٹس ایپ صارفین کی بڑی تعداد اب Meta AI کے ساتھ ون آن ون چیٹس میں مصروف ہے، جس سے ایپ کا استعمال اور انٹریکشن مزید بڑھ رہا ہے۔ اس رجحان نے ایپ کی افادیت کو صرف میسجنگ سے بڑھا کر مصنوعی ذہانت پر مبنی تعامل تک پھیلا دیا ہے۔
میٹا نے بتایا کہ واٹس ایپ اب نہ صرف ذاتی رابطے کا ذریعہ ہے بلکہ کاروباری شعبے میں بھی تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، خاص طور پر واٹس ایپ بزنس API کے ذریعے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ نے میٹا کے حالیہ 510 ملین ڈالر کے منافع میں اہم کردار ادا کیا ہے۔