اہم خبریں

پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا عندیہ

نیویارک (اے بی این نیوز)پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر سلامتی کونسل نے ہنگامی اجلاس بلانے کا عندیہ دے دیا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر ایوانجی لوس سیکیرس کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت کشیدگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔

پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر جلد ہنگامی اجلاس بلا سکتے ہیں، مختلف ممالک پاکستان اور بھارت سے رابطے میں ہیں۔ایوانجی لوس سیکیرس نے کہا کہ ہم جانتے ہیں بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے، امید ہے کشیدگی کم کروانے کی کوششیں مؤثر ثابت ہوں گی، ہم بھی کشیدگی میں کمی اور بات چیت میں شامل ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ اگر کشیدگی میں کمی نہ آئی، تو صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں اور سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلائیں گے۔واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ٹیلی فونک گفتگو کی ہے جس میں جنوبی ایشیا میں خطے اور خصوصاً پاک بھارت تنازع سے متعلق بات چیت کی گئی۔

امریکی وزیر خارجہ نے بھارت کو پاکستان کے ساتھ کشیدگی کم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن برقرار رکھنے کیلئے بھارت کو پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹیمی بروس نے بتایا کہ گفتگو کے دوران امریکی وزیر خارجہ نے پہلگام واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ اس سے قبل مارکو روبیو نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے بھی بات کی، دونوں رہنماؤں نے پہلگام واقعے کے ذمہ داروں کو جواب دہ ٹھہرانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ٹیمی بروس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کے مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں میں براہ راست رابطوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پہلگام فالس فلیگ ،حملہ سکیورٹی کی ناکامی ہے، را کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ دولت کا اعتراف

متعلقہ خبریں