اسلام آباد (اے بی این نیوز )اسلام آباد میں لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر دو شاپنگ مالز سیل کر دیے گئے۔اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے اتوار کو سیکٹر D-17 میں واقع دو شاپنگ مالز کو سرکاری لیبر قوانین کی خلاف ورزی اور ملازمین کو ماہانہ 37,000/- روپے کی کم از کم اجرت ادا نہ کرنے پر سیل کر دیا۔ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ ان شاپنگ مالز کے ملازمین روزانہ 12 سے 14 گھنٹے کے درمیان اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتے تھے لیکن ان کے مالکان انہیں 18 ہزار سے 20 ہزار روپے ماہانہ ادا کرتے ہیں جو کہ حکومت کی منظور شدہ کم از کم مزدوری کی اجرت سے بہت کم ہے۔
ان شاپنگ مالز کے مالکان نے اپنے ملازمین کو ان کی ماہانہ چھٹیوں سے فائدہ نہیں اٹھانے دیا اور ان کی چھٹیوں کو بغیر تنخواہ کے سمجھا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ یہ کارروائی اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد یاسر نذیر کی ہدایت پر کی گئی۔یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ وفاقی حکومت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو وفاقی دارالحکومت میں لیبر قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔