اہم خبریں

بڑی خوشخبری، 50 ہزار 500 پاکستانیوں کی امیگریشن پاکستان میں مکمل ہوگی

اسلام آباد (اے بی این نیوز )پاکستانی عازمین کے لیے بڑی خوشخبری، 50 ہزار 500 پاکستانیوں کی امیگریشن پاکستان میں مکمل ہوگی۔ روڈ ٹو مکہ منصوبے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سعودی وفد پاکستان پہنچ گیا۔
پاکستانی عازمین حج کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ رواں سال “روڈ ٹو مکہ” منصوبے کے تحت 50 ہزار 500 پاکستانی عازمین کی امیگریشن کی کارروائی سعودی عرب کے بجائے پاکستان میں ہی مکمل کی جائے گی، جس سے عازمین کو سعودی عرب میں امیگریشن کے طویل اور وقت طلب مراحل سے نجات ملے گی۔

اس منصوبے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے 45 رکنی سعودی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے حکام نے وفد کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا۔ روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 28 ہزار اور کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 21 ہزار عازمین حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق اسلام آباد سے 100 اور کراچی سے 80 خصوصی حج پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے دونوں شہروں کے ایئرپورٹس پر خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کیے جا رہے ہیں جہاں عازمین کی امیگریشن کی تمام کارروائی مکمل کی جائے گی۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق “روڈ ٹو مکہ” منصوبہ پاکستانی عازمین کے لیے ایک غیرمعمولی سہولت ثابت ہوگا۔ اس اقدام سے عازمین کو سعودی عرب پہنچنے کے فوراً بعد کسی امیگریشن مرحلے سے گزرے بغیر اپنے حج کے مناسک کی ادائیگی میں مصروف ہونے کا موقع میسر آئے گا۔

وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ پاکستانی عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور حج آپریشن 2025 کو کامیاب بنانے کے لیے پوری تیاری کی گئی ہے#

مزید پڑھیں :مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے 63 مقامات پر چھاپے،ہزاروں کشمیری گرفتار

متعلقہ خبریں