اسلام آباد (رضوان عباسی ) ہر چار میں سے تین پاکستانی عازمین نجی اسکیم کے تحت حج سے محروم رہ جائیں گے۔ 67 ہزار 210 پاکستانی عازمین حج کی سعادت سے محروم، پہلی حج پرواز کی روانگی میں ایک دن باقی رہ گیا۔
نجی حج اسکیم کے تحت اس سال ہر چار میں سے تین پاکستانی عازمین کو حج کی سعادت حاصل نہ ہو سکی۔ 90 ہزار 830 عازمین کے لیے مختص نجی کوٹے میں سے صرف 23 ہزار 620 افراد ہی حج پر روانہ ہو سکیں گے جبکہ 67 ہزار 210 پاکستانی حج سے محروم رہ جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق نجی حج اسکیم کے تحت صرف 26 فیصد عازمین کو روانگی کی اجازت ملی ہے جبکہ 74 فیصد عازمین کے لیے اب تک کوئی انتظام نہ ہو سکا۔ وزارت مذہبی امور، سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیاں بھی اس سنگین مسئلے کا کوئی حل نکالنے میں ناکام رہیں۔ وزیر مذہبی امور کی تمام تر کوششیں بھی بارآور ثابت نہ ہو سکیں جبکہ وزارت خارجہ بھی سعودی حکام سے کوئی اضافی رعایت حاصل نہ کر سکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 10 ہزار کا اضافی کوٹہ پاکستان کے علاوہ بھارت اور بنگلہ دیش کو بھی دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حج آپریشن کی پہلی پرواز کل 29 اپریل کو اسلام آباد سے 393 عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔ تاہم وزارت مذہبی امور نے نجی میڈیا کو پہلی پرواز کی کوریج سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر بننے والی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ پر بھی تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی جس کے باعث 67 ہزار سے زائد پاکستانیوں کا حج خواب ادھورا رہ گیا ہے۔ عوامی حلقوں نے اس معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے
مزید پڑھیں :اسلام آباد کے ایف 10 سیکٹر میں چینی شہریوں کو لوٹ لیا گیا، وحشیانہ تشدد