اسلام آباد ( اے بی این نیوز )وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ حج 2024 کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور پاکستان سے پہلی حج پرواز 29 اپریل کو روانہ ہوگی۔ سرکاری حج اسکیم کے تحت 89 ہزار عازمین کو 342 پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس روانہ کیا جائے گا۔
پہلی حج پرواز اسلام آباد سے 29 اپریل کو علی الصبح 4:45 بجے روانہ ہوگی، جس میں 393 عازمین شامل ہوں گے۔ اسی روز لاہور، کراچی، کوئٹہ اور ملتان سے بھی پروازیں مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوں گی۔ لاہور سے دو پروازیں، جبکہ دیگر شہروں سے ایک ایک پرواز روانہ ہوگی۔
حج آپریشن 33 روز تک جاری رہے گا، جس میں ابتدائی 15 دنوں میں عازمین کو مدینہ منورہ لے جایا جائے گا۔ پاکستان سے آخری حج پرواز 31 مئی کو روانہ ہوگی۔
حج آپریشن میں پی آئی اے، سیرین ایئر، ایئر بلیو، ایئر سیال اور سعودی ایئر لائنز شامل ہیں۔ 29 اپریل کو مختلف ایئرلائنز کی چھ پروازیں سعودی عرب روانہ ہوں گی، جن میں سینکڑوں عازمین سوار ہوں گے۔