اہم خبریں

شدید بارش، ژالہ باری اور آندھی،محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ،اہم ہدایات جاری

اسلام آباد ( اے بی این نیوز )نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مئی کے پہلے ہفتے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید موسمی صورتحال سے متعلق وارننگ جاری کر دی ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق 30 اپریل سے ایک مغربی سسٹم بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جو یکم سے 7 مئی کے دوران بارش، ژالہ باری اور آندھی کا سبب بنے گا۔

رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، شمالی اور وسطی پنجاب، جموں و کشمیر، شمالی بلوچستان اور جنوبی سندھ شدید بارش اور ژالہ باری کی زد میں آ سکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام ضلعی و صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں اور عوام کے تحفظ کے لیے فوری رسپانس پلان تیار رکھیں۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ محتاط رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور موسمی اپڈیٹس کے لیے **پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ** استعمال کریں۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے گرمی میں شدت، ہیٹ اسٹروک کے خطرات اور آبی ذخائر پر دباؤ کے امکان سے بھی خبردار کیا ہے، جبکہ کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ فصلوں کے لیے بروقت اور مناسب آبی انتظامات کریں۔

متعلقہ خبریں