لاہور ( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے عوام کو بجلی سے متعلق اہم خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب ہر بجلی صارف اپنے فون سے میٹر کی تصویر لے کر ایس ڈی او کو بھیج کر خود اپنا بل بنوا سکے گا، جس سے میٹر ریڈنگ کے نظام میں شفافیت اور سہولت پیدا ہوگی۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ موجودہ حکومت نے توانائی کے شعبے میں کئی مثبت اقدامات کیے ہیں، جن کے تحت صرف رواں سال کے دوران کمپنیوں نے 160 ارب روپے کی بچت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سے دو ہفتے میں صارفین کو میٹر ریڈر سے مکمل طور پر آزاد کر دیا جائے گا۔
وزیر توانائی نے سابق حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں گردشی قرضے میں 1500 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جس سے معیشت کو سخت نقصان پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے 3600 ارب روپے طاقتور حلقوں سے واپس نکالے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کی۔
اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم کا واضح مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی صنعت کار یا بجلی کمپنی مالک سے ان کا ذاتی تعلق بھی ہوا تو اسے رعایت نہیں دی جائے گی۔
عوامی ریلیف کے حوالے سے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بھی اعلان کیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں مزید 7 سے 8 روپے فی یونٹ کمی کی جائے گی، جس کا مقصد عام صارفین کو مہنگائی کے دباؤ سے نکالنا ہے۔
مزید برآں، پنجاب حکومت کی جانب سے کسانوں کو 15 ارب روپے کے ریلیف پیکج کا بھی اعلان کیا گیا ہے تاکہ کھاد سمیت دیگر زرعی سہولیات سستے داموں فراہم کی جا سکیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ گندم کاشت کرنے والے زمینداروں کی فلاح اولین ترجیح ہے اور ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مشکل فیصلے ناگزیر ہیں۔