اہم خبریں

پہلگام اور جعفرآباد حملوں کی تحقیقات کے لیے عالمی ماہرین کی غیرجانبدار کمیٹی بنائی جائے، وزیر داخلہ محسن نقوی کا مطالبہ

اسلام آباد ( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو پہلگام حملے کی شفاف تحقیقات کی پیش کش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جعفرآباد اور پہلگام دونوں واقعات کی غیرجانبدار اور عالمی ماہرین پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے، تاکہ اصل حقائق دنیا کے سامنے لائے جا سکیں۔

ایف آئی اے کے ضلعی دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے درمیان گٹھ جوڑ کے واضح شواہد موجود ہیں، اور ہم ان ثبوتوں کو عالمی کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کو بھارت برداشت نہیں کر پا رہا، اور دنیا کو دیکھنا چاہیے کہ خود کو سب سے بڑی جمہوریت کہلوانے والا ملک کس طرح دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی دہشت گردی میں ملوث نہیں، اور کشمیر سے متعلق پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے کہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں جاری تحریک مقامی عوام کی اپنی جدوجہد ہے۔

وزیر داخلہ نے انکشاف کیا کہ گزشتہ تین روز میں 160 سے زائد آئی ای ڈی دھماکوں کو ناکام بنایا گیا ہے، اور افسوس ہے کہ بھارت نے پاکستان میں ہونے والے کسی دہشت گرد حملے کی مذمت تک نہیں کی۔

انہوں نے پہلگام حملے کی ابتدائی ایف آئی آر صرف دس منٹ میں درج کیے جانے کو حیران کن قرار دیا اور کہا کہ عموماً جائے وقوعہ کو کئی گھنٹوں کے لیے بند کر دیا جاتا ہے تاکہ تحقیقات کی جا سکیں، مگر یہاں سب کچھ غیر معمولی تیزی سے ہوا، جو اس واقعے کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اس ’’ڈرامے‘‘ کو بے نقاب کرے گا اور عالمی برادری کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں