اہم خبریں

بھارت نے آبی دہشتگردی کردی،بھارت نے دریائے جہلم میں اچانک پانی چھوڑ دیا، دریا میں طغیانی ، افراتفری مچ گئی

اسلام آباد ( اے بی این نیوز )بھارت نے ایک بار پھر دریائی معاہدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر پیشگی اطلاع کے دریائے جہلم میں اچانک پانی چھوڑ دیا، جس کے نتیجے میں دریا میں طغیانی آ گئی اور چکوٹھی کے مقام پر پانی کی سطح غیر معمولی حد تک بلند ہو گئی۔ اس اچانک صورتحال سے دریا کے کنارے واقع دیہاتوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنی حفاظت کے لیے محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونے لگے۔

اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں واقع پاور پراجیکٹ ڈیم کے اسپل وے کھولے گئے، جس سے پانی کے بہاؤ میں تیزی آئی اور درمیانے درجے کا سیلابی منظر نامہ پیدا ہو گیا۔ ایس ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر آپریشن مظفر راجہ نے شہریوں کو دریا سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کا یہ اقدام نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین اور دریائی معاہدوں کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔ بغیر اطلاع پانی چھوڑ کر بھارت نے پاکستان کے شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مدثر فاروق نے عوام کو اطمینان دلاتے ہوئے کہا کہ فی الحال دریا میں نچلے درجے کی طغیانی ہے اور 22 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ جاری ہے، تاہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کی کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی، جبکہ منگلا ڈیم تک پانی پہنچنے میں وقت درکار ہوگا۔ ڈاؤن اسٹریم علاقوں میں حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

متعلقہ خبریں