کراچی ( اے بی این نیوز )کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شہر کے دو اضلاع، سائٹ اور کیماڑی میں دو ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جو 24 جون تک مؤثر رہے گی۔ اس دوران عوامی مقامات، گرین بیلٹس اور فٹ پاتھ پر قبضے یا ملبہ پھینکنے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل کمشنر کراچی نے شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لیے صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی لگائی تھی، جس کا اطلاق بھی دو ماہ کے لیے کیا گیا ہے۔ دفعہ 144 کے تحت یہ پابندی مال بردار گاڑیوں پر بھی لاگو ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد شہری زندگی کو محفوظ اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا ہے، جبکہ شہریوں سے بھی قانون پر عملدرآمد میں تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔