اہم خبریں

پاکستان کی پہلی صوبائی ایئرلائن کی منظوری،بلٹ ٹرین سے متعلق بھی اہم احکامات جاری،تفصیلات سامنے آ گئیں

 

پنجاب میں ہائی اسپیڈ ٹرینوں اور صوبائی ایئرلائن کے منصوبوں پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے، اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعدد بڑے منصوبوں کی منظوری دیتے ہوئے فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، پنجاب حکومت نے ملک کی پہلی صوبائی ایئرلائن ’’ایئر پنجاب‘‘ کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ ابتدائی طور پر چار جدید ایئر بس طیارے لیز پر لیے جائیں گے، اور یہ ایئرلائن اندرون ملک پروازوں سے آغاز کرے گی۔ ایک سال بعد ایئر پنجاب بین الاقوامی پروازوں کا بھی آغاز کرے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ ایئر لائن کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کیا جائے اور اسے پاکستان کی بہترین ایئرلائن بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

دوسری جانب لاہور سے راولپنڈی تک پاکستان کی پہلی بلٹ ٹرین کے منصوبے کی اصولی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت لاہور سے راولپنڈی کا فاصلہ محض ڈھائی گھنٹے میں طے کیا جا سکے گا۔ اجلاس میں بلٹ ٹرین پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اس میں پاکستان ریلوے کے اشتراک اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل پر غور کیا گیا۔ مریم نواز نے سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو پاکستان ریلوے سے تعاون کے لیے ٹاسک سونپ دیا۔

مزید برآں، پنجاب کے مختلف شہروں میں ہائی اسپیڈ ٹرین چلانے کے لیے 6 نئے روٹس کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جن میں لاہور تا نارووال، لاہور تا لودھراں (براستہ رائیونڈ، قصور، پاکپتن)، قلعہ شیخوپورہ تا شور کوٹ، شور کوٹ تا سرگودھا، لالہ موسیٰ تا سرگودھا (براستہ ملکوال) اور فیصل آباد تا شاہین آباد شامل ہیں۔

اجلاس میں لاہور یلو لائن اور گجرانوالہ ماس ٹرانزٹ لائن پراجیکٹس پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جہاں یلو لائن کی اسٹڈی 30 مئی تک اور گجرانوالہ ماس ٹرانزٹ کی اسٹڈی 15 جون تک مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اس کے علاوہ ای ٹیکسی منصوبے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

یہ منصوبے نہ صرف پنجاب کے شہریوں کے لیے جدید سفری سہولیات مہیا کریں گے بلکہ صوبے میں ترقی، روزگار اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے بھی کھولیں گے۔

متعلقہ خبریں