اہم خبریں

اسلام آباد میں سفارتی محاذ گرم ، دفتر خارجہ میں ہنگامی بیٹھک،پاکستان نے بھارتی پروپیگنڈے کا پول غیر ملکی سفیروں کے سامنے کھول دیا


اسلام آباد (رضوان عباسی )اسلام آباد میں دفتر خارجہ میں ایک اہم اور ہنگامی اجلاس ہوا جس میں پاکستان میں تعینات مختلف ممالک کے سفیروں اور سفارتی نمائندوں کو پاہلگام حملے کے بعد کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کی صدارت سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے کی۔

سیکریٹری خارجہ نے شرکاء کو قومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ یہ الزامات محض سیاسی مقاصد کے لیے گھڑے گئے ہیں۔

آمنہ بلوچ نے خبردار کیا کہ بھارت دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے تاکہ اپنے داخلی مسائل سے توجہ ہٹائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایسے اشتعال انگیز اقدامات سے نہ صرف خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے بلکہ یہ صورتحال کسی بڑے تصادم کو جنم دے سکتی ہے۔

سیکریٹری خارجہ نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اگر بھارت کی جانب سے کوئی جارحانہ قدم اٹھایا گیا تو پاکستان بھرپور اور مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

دفتر خارجہ کے اس اہم اجلاس کو سفارتی حلقوں میں خاص اہمیت دی جا رہی ہے اور اسے پاکستان کے مؤقف کی عالمی سطح پر وضاحت اور بھارتی بیانیے کے توڑ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں :پاکستانی تجزیہ کار نے بھارتی میڈیا پر بیٹھ کر مودی سرکار کو کھری کھری سنادیں

متعلقہ خبریں