اہم خبریں

پہلگام حملہ،دانش کنیریا کا پاکستان کیخلاف بیان،سوشل میڈیا صارفین برہم

لندن (اے بی این نیوز)سابق ٹیسٹ کرکٹر دانش کنیریا نے پہلگام واقعے کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیدیا۔قومی کرکٹ ٹیم سابق ٹیسٹ کرکٹر نے سوشل میڈیا پر ایک متنازع ٹوئٹ میں پہلگام حملے سے متعلق پاکستان کیخلاف زہر افشانی کی ہے۔

انہوں نے واقعے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرادیا۔دانش کنیریا نے پہلگام حملے کے بعد متنازع ٹوئٹ میں کہا کہ اگر پاکستان اس حملے میں ملوث نہیں تو وزیراعظم نے ابھی تک مذمت کیوں نہیں کی؟۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کو مینشن بھی کیا۔ دانش کنیریا نے اپنی متنازع ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ آپ کی فورسز اچانک ہائی الرٹ پر کیوں ہیں؟، اس لیے کیونکہ آپ سچ جانتے ہیں۔

سابق کرکٹر نے اپنی ٹوئٹ میں الزام لگاتے ہوئے کہا کہ آپ دہشتگردوں کو پناہ دے رہے ہیں، شرم آنی چاہئے۔پاکستانی سوشل میڈیا صارفین اور سیاسی حلقوں کی جانب سے سابق کرکٹر دانش کنیریا کو پاکستان پر الزامات لگانے کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔بعض صارفین کا کہنا ہے کہ اس طرح کا متنازع بیان دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھنے کی وجہ بن سکتا ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی سول و عسکری قیادت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے بھارت سے ہر قسم کی تجارت، واہگہ بارڈر اور فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا ہے کہ پانی روکنے کو اعلان جنگ تصور کیا جائے گا، کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ساتھ ہی قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت کے ساتھ شملہ سمیت دیگر معاہدے بھی معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔یاد رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25 سے زائد سیاح ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے، جس پر پاکستان کی جانب سے بھی اظہار افسوس کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: بھارت اور پاکستان تحمل کا مظاہرہ کریں،اقوام متحدہ

متعلقہ خبریں