اہم خبریں

ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارش، ژالہ باری اور آندھی آنے کا خدشہ، این ای او سی نے الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد (اے بی این نیوز) نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر الرٹ کی جانب سے ایک باقاعدہ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق این ای او سی نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارش، ژالہ باری اور آندھی کے خطرے کے پیشِ نظر یہ الرٹ جاری کیا ہے۔

18 اور 19 اپریل کو مختلف علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں، اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں شدید موسمی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر خبردار کیا گیا ہے۔

پنجاب کے مختلف اضلاع، جن میں اٹک، چکوال، گجرات، جہلم شامل ہیں، ان علاقوں میں آندھی، ژالہ باری اور طوفانی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح وسطی پنجاب کے شہروں جیسے فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، خوشاب، میانوالی، لاہور، نارووال، ساہیوال، سرگودھا اور شیخوپورہ میں بھی شدید موسم کی لپیٹ میں آنے کا امکان ہے۔

تیز ہواؤں اور بارشوں کے نتیجے میں بجلی کی بندش، جانی و مالی نقصان، اور دیگر حادثات کا خطرہ موجود ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب میں اس شدید موسم کے باعث فصلوں کو بھی خاصا نقصان پہنچ سکتا ہے، جس کے لیے کسانوں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

مزید برآں، عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے این ڈی ایم اے کی موبائل ایپ “ڈیزاسٹر الرٹ” کو فالو کریں تاکہ بروقت معلومات حاصل ہوتی رہیں۔

آندھی اور طوفان کے دوران کمزور عمارتوں اور درختوں کے قریب جانے سے پرہیز کیا جائے۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ممکنہ خطرات سے محفوظ رہنے کے لیے محتاط رہیں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

مزید پڑھیں :این اے 213عمرکوٹ ضمنی انتخاب ،76پولنگ سٹیشنزکا غیرسرکاری ،غیرحتمی نتیجہ،پیپلز پارٹی سب سے آگے

متعلقہ خبریں