لیسٹر ( اے بی این نیوز ) جماعت اسلامی پاکستان کے سابق نائب امیر پروفیسر خورشید احمد 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ جماعت اسلامی کے ترجمان کے مطابق پروفیسر خورشید احمد برطانیہ کے شہر لیسٹر میں انتقال کر گئے۔
مرحوم پروفیسر خورشید احمد جماعت اسلامی کے سابق نائب امیر، سینیٹر اور رکن قومی اسمبلی تھے، جب کہ وہ معاشی امور کے ماہر اور متعدد کتابوں کے مصنف تھے۔جماعت اسلامی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن، سابق امیر سراج الحق، سینیٹر مشتاق احمد اور دیگر رہنماؤں نے پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا سابق نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسرخورشید احمد کی وفات پر اظہار افسوس ۔ وزیراعظم کی مرحوم کیلئے بلندی درجات ، اہل خانہ کیلئے صبر و جمیل کی دعا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پروفیسر خورشید احمد کی اسلامی معاشیات کی ترویج کیلئے قابل قدر خدمات ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔
معروف ماہرِ معیشت و سابق سینیٹر پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کا دکھ افسوس کا اظہار۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے جماعت اسلامی کے سابق ڈپٹی چیف پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر گہرے دکھ و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قومی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ پروفیسر خورشید احمد کی علمی بصیرت، نظریاتی وابستگی اور تعمیری کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کی سیاسی مذہبی و سماجی خدمات ملک و ملت کے لیے ایک روشن مثال ہیں، اور ان کی فکری رہنمائی آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی۔پروفیسر خورشید احمد کا شمار پاکستان کے ان گنے چنے دانشوروں میں ہوتا تھا جنہوں نے نہ صرف معیشت کے میدان میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں بلکہ اسلامی نظریات کے فروغ اور پالیسی سازی میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پروفیسر خورشید احمد کی سیاسی خدمات اور قانون سازی میں اہم کردار کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا جماعت اسلامی کے سابق ڈپٹی چیف اور سابق سینیٹر پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار۔ اسپیکر قومی اسمبلی کا پروفیسر خورشید احمد کی سیاسی و سماجی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پروفیسر خورشید احمد ایک معروف ماہر معیشت، علمی بصیرت اور تعمیری کردار کے حامل شخصیت تھے۔ پروفیسر خورشید احمد کی مذہبی، سیاسی و سماجی خدمات ملک و ملت کے لیے روش باب ہیں۔ پروفیسر خورشید احمد کی فکری اور علمی رہنمائی آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔
پروفیسر خورشید احمد کا شمار پاکستان کے ممتاز دانشوروں میں ہوتا تھا۔ پروفیسر خورشید احمد کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء مدتوں پر نہیں ہو سکے گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کا مرحوم کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار۔ مرحوم کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
مزید پڑھیں :پاکستان میں پنک مون کا شاندار نظارہ، پوری رات آسمان پرجگماتارہےگا