اسلام آباد ( اے بی این نیوز )متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا پالیسی میں بڑی سہولت دیتے ہوئے 5 سالہ ویزا کی فراہمی کا اعلان کر دیا ہے۔ اب پاکستانی شہری یو اے ای کا طویل مدتی ویزا حاصل کر سکیں گے، جس سے نہ صرف سیاحت بلکہ کاروباری و پیشہ ورانہ مواقع بھی وسیع ہوں گے۔
یہ اعلان یو اے ای کے سفیر حماد عبید الزبی نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کے دوران کیا، جو گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی۔ ملاقات میں یو اے ای کے قونصل جنرل بخیط عتیق الرومیتی بھی موجود تھے۔
گورنر سندھ نے کراچی سمیت صوبے بھر میں سرمایہ کاری کرنے پر یو اے ای کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر حماد عبید الزبی نے گورنر کو یقین دہانی کرائی کہ اب ویزے کے حوالے سے پاکستانیوں کو درپیش مسائل مکمل طور پر حل ہو چکے ہیں اور اب وہ پانچ سالہ ویزا حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے گورنر سندھ کو کراچی میں قائم یو اے ای ویزا سینٹر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ گورنر اینیشیٹیو کے تحت جاری منصوبے قابل ستائش ہیں۔
ملاقات کے دوران یو اے ای کے سفیر نے گورنر ہاؤس میں شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے پودا بھی لگایا، پرچم کشائی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔
اس پیش رفت کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی، اقتصادی اور عوامی روابط کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دے گی۔