اسلام آباد(اے بی این نیوز )وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمازیوں پر دہشتگرد حملہ ایک سفاکانہ اور بزدلانہ فعل ہے،پشاور پولیس لائنز مسجد واقعہ کی تمام پہلوؤں سےتحقیقات کی جارہی ہیں۔ پیر کو وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نمازیوں پر دہشتگرد حملے کی جتنی زیادہ مذمت کی جائے اتنی کم ہے۔وفاقی ادارے خیبر پختونخواہ حکومت کی مکمل معاونت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد انسانیت اور اسلام کے دشمن ہیں،پوری قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں ، اپنے شہداءکو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو شکست فاش دیں گے، ملک دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔وزیر داخلہ نے شہدا کے درجات کی بلندی، اہلخانہ کے لئے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔نیز نجی ٹیوی سے گفتگو کرتے ہو ئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ’افغان سرزمین پاکستان میں امن کی بربادی کیلئے استعمال ہونے کے شواہد ہیں‘دوحہ معاہدے میں طے ہوا تھا کہ افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہےکہ ابتدائی تفتیش کے مطابق پشاور کی مسجدمیں خود کش حملہ ہوا ہے۔ایک بیان میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ تحقیقات کریں گے کہ سکیورٹی کے باوجود خودکش حملہ آور کیسے پہنچا۔انہوں نے کہاکہ ہمسایہ ممالک کی انٹیلی جنس ایجنسیز ہمارے خلاف ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں، دوحہ معاہدے میں طے ہوا تھا کہ افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی لیکن شواہد ہیں کہ افغان سرزمین پاکستان میں امن تباہ کرنےکیلئے استعمال ہورہی ہے، کابل اور اسلام آباد مل کر دہشتگردی کا قلع قمع کریں، افغانستان سے رابطہ کریں گے کہ انہیں کنٹرول کریں۔















