اہم خبریں

عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

لاہور(اے بی این نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے جناح ہاؤس حملے سمیت 9 مئی کے فسادات کے 8 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستوں کی سماعت مقرر کردی۔

رپورٹ کے مطابق جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل دو رکنی بینچ 10 اپریل کو درخواستوں کی سماعت کریگا۔تمام مقدمات کے تفتیشی افسران اور اسپیشل پراسیکیوٹرز مکمل ریکارڈ کے ساتھ بینچ کے سامنے پیش ہو نگے۔

انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے 27 نومبر 2024 کو ان 8 مقدمات میں سابق وزیر اعظم کی ضمانت مسترد کردی تھی۔ضمانت کی درخواستوں میں بنیادی طور پر دلیل دی گئی ہے کہ استغاثہ ایف آئی آر میں بیان کردہ بدقسمت واقعات کے ساتھ درخواست گزار کا تعلق ثابت کرنے میں ناکام رہا۔

ان کا کہنا ہے کہ درخواست گزار کو 9 مئی کے مقدمات میں صرف سیاسی وجوہات کی بنا پر ہراساں کرنے اور ان کی تذلیل کرنے کے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملوث کیا گیا ہے حالانکہ وہ نیب کی تحویل میں تھے۔

درخواستوں میں مزید کہا گیا ہے کہ ان معاملات میں درخواست گزار کے خلاف واحد الزام ’اکسانے‘ کا ہے، جسے استغاثہ نے انتہائی مبہم انداز میں عائد کیا ہے۔ان کا موقف ہے کہ ٹرائل جج نے اس حقیقت کو نظر انداز کیا کہ تحقیقاتی ایجنسی کی کہانی میں تضاد کی وجہ سے 9 مئی کے واقعات سے متعلق فضول اور بے بنیاد الزامات کو پہلے ہی مسترد کیا جا چکا ہے۔

درخواستوں میں لاہور ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور 8 ایف آئی آرز میں سابق وزیراعظم کی ضمانت منظور کی جائے۔
مزیدپڑھیں: غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغانیوں کو طور خم کے راستے واپس بھیجنے کا سلسلہ جاری

متعلقہ خبریں