اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستان نے امریکی ٹیرف کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بات چیت کے لیے ایک اعلیٰ سطحی وفد امریکا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ امریکہ کے ساتھ نئی بات چیت کے لیے ایک وفد روانہ کیا جائے گا، جو امریکی ٹیرف کے اثرات اور مواقع پر گفتگو کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی ٹیرف کے بعد اسٹئیرنگ کمیٹی اور ورکنگ گروپ تشکیل دی گئی ہے، جو جلد ہی وزیراعظم کو اپنی تجاویز پیش کریں گے۔ وفد امریکی انتظامیہ سے ٹیرف کے چیلنجز اور مواقع پر بات کرے گا، جو پاکستان کی معیشت پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ اس وقت امریکی ٹیرف کے حوالے سے مقامی صنعت کے لیے کوئی خصوصی پیکج زیر غور نہیں ہے۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم نے گزشتہ روز 29 فیصد امریکی ٹیرف کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بارہ رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی تھی، جو پاکستانی اشیاء پر امریکی ٹیرف کا جائزہ لے کر پالیسی ردعمل تیار کرے گی۔