لاہور ( اے بی این نیوز )پنجاب نے پی ایس ایل کے دوران لاہور میں نظر ثانی شدہ سکولوں کے اوقات کا اعلان کر دیا۔پنجاب حکومت نے ٹریفک کی بھیڑ سے بچنے کے لیے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 10) کے میچز کے دوران لاہور کے مخصوص علاقوں میں اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کردی ہے۔
محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے اوقات کار قذافی سٹیڈیم کے قریبی علاقوں اور کرکٹ ٹیموں کے روٹس کے ساتھ واقع 56 سکولوں پر لاگو ہوں گے۔گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، اچھرہ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، شادمان، کینال روڈ، اپر مال اور ظہور الٰہی روڈ کے علاقوں کے سرکاری اور نجی اسکول نئے اوقات کار پر عمل کریں گے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ ان علاقوں میں اسکول اب صبح 7 بجے کھلیں گے اور دوپہر 12 بجے بند ہوں گے۔ لاہور کے دیگر اسکول اپنے معمول کے شیڈول کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔صوبائی دارالحکومت میں پی ایس ایل کے میچز 24 اپریل سے 18 مئی کے درمیان مختلف تاریخوں پر شیڈول ہیں اور شام 7 بجے شروع ہوں گے۔
دریں اثنا، آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز کے لیے پریکٹس میچز آج سے والڈ سٹی میں شروع ہو گئے ہیں۔ ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈز کا فائنل میچ 19 اپریل کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔جبکہ پی ایس ایل ایکس کا آغاز 11 اپریل کو دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا گرینڈ فائنل 18 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا جس میں 37 دنوں میں کل 34 میچز شیڈول ہیں۔
مزید پڑھیں :صدر زرداری کیخلاف سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے والےپولیس آفیسر کا کیا حال ہوا ،جانئے