راولپنڈی (اے بی این نیوز)اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی سے اعظم سواتی، مبشر اعوان اور نادیہ خٹک کی ملاقات ختم ہوگئی۔ ملاقات 20 سے 25 منٹ تک جاری رہی، جس کے بعد اعظم سواتی اور دیگر افراد جیل سے باہر آ گئے۔
ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے جنید اکبر کی طرف سے کی گئی تعیناتیوں کو فوراً واپس لینے کی درخواست کی۔ اس کے علاوہ، اعظم سواتی نے بانی پی ٹی آئی کو مانسہرہ کی کرپشن کے معاملات کے بارے میں آگاہ کیا اور پنجاب کے امور پر بریفنگ دی، خاص طور پر بتایا کہ وہاں عالیہ حمزہ کا راستہ روکا جا رہا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اعظم سواتی کی بات پر جنید اکبر سے بات کی جائے گی اور پنجاب کے مسائل پر بھی گفتگو کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی میں کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہے، اور اگرچہ چھوٹے موٹے مسائل موجود ہیں، مگر کوئی بڑی لڑائی نہیں چل رہی۔
اس ملاقات کے دوران سلمان اکرم راجہ، شعیب شاہین اور نیاز اللہ نیازی کو تاحال ملاقات کی اجازت نہیں مل سکی ہے۔