اہم خبریں

فوج اور ریاست اس ملک اور صوبے میں امن و امان قائم کرنے میں کوئی کمی نہیں چھوڑے گی،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

ڈیرہ اسماعیل خان (اے بی این نیوز): گورنر خیبرپختونخوا، فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، اور فوج اور ریاست اس ملک اور صوبے میں امن و امان کے قیام میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گی۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک غیر رسمی گفتگو کے دوران گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ آرمی چیف کا ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ ایک اچھا اقدام تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی ناکامی کے باعث عوام کی نظریں پھر فوج پر ہوتی ہیں تاکہ امن و امان قائم کیا جا سکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ خیبرپختونخوا اور خاص طور پر جنوبی اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز ہو رہے ہیں، جن میں پاک فوج کے جوان بھی شہید ہو رہے ہیں اور پولیس کے جوان بھی اپنی جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کا حال بتر نہیں ہے، اور عام شہری جس طرح کی زندگی گزار رہے ہیں، وہ سب کے سامنے ہے۔

سندھ اور وفاق کے درمیان دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے معاملے پر گورنر نے کہا کہ اس مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کیا جانا چاہیے، اور یہ اس بات کی ضرورت ہے کہ چیف ایگزیکٹو فیڈریشن اس مسئلے کو حل کرے۔ انہوں نے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کو مسئلے کے حل کا مناسب فورم قرار دیا اور کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) اس معاملے کو میڈیا کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرے گی تو مسئلے کا حل ممکن نہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ سندھ حکومت یا وزیر اعلیٰ اگر عوامی مسائل پر سنجیدہ ہیں تو انہیں ان مسائل کو کھل کر اٹھانا ہوگا۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تعاون کے بغیر آج حکومت کھڑی نہیں ہو سکتی، اور کل بھی جمہوری طریقے سے حکومت بنانے کے لیے پیپلز پارٹی کی ضرورت پڑے گی۔

آخر میں، فیصل کریم کنڈی نے اعلان کیا کہ انشاءاللہ جون میں چشمہ لفٹ کنال کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں