لا ہور ( اے بی این نیوز ) عیدالفطر کے دوران عارضی مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق عارضی مکینیکل جھولوں پر پابندی کا فیصلہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔
پابندی کا اطلاق پنجاب بھر میں ہو گا اور اس پر مکمل عملدرآمد کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عید کے دوران تفریحی پارکوں میں بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد متوقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہری کھیل کے میدانوں، گیمنگ زونز اور مکینیکل جھولوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے ان مقامات کا دورہ کریں گے۔ واضح رہے کہ اس دوران تفریحی پارکس، تھیم پارکس اور پلے ایریاز میں مستقل بنیادوں پر لگائے گئے مکینیکل جھولوں کو مشروط اجازت دی جائے گی۔
مستقل بنیادوں پر لگائے گئے جھولوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مستقل طور پر نصب جھولوں کے حفاظتی معائنہ اور تمام ریگولیٹری معیارات پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے تصدیقی سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب میں عیدالفطر کے لیے مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ کنٹرول روم 24 گھنٹے پنجاب بھر سے رپورٹس مرتب کرے گا اور امن و امان کے قیام اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ عید کی تعطیلات کے دوران سینئر افسران کی سربراہی میں کام جاری رہے گا۔
مزید پڑھیں :اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں عید الفطر کا چاند نظر آگیا،کل پیر عید ہو گی