اہم خبریں

پاکستانی ورکرز کو ویزا دینے سے انکار، خطرے کی گھنٹی بج گئی

اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستانی ورکرز کو گلف ممالک میں ویزے جاری کرنے میں مشکلات بڑھنے کے باعث ایف پی سی سی آئی نے خبردار کیا ہے کہ اس صورتحال سے پاکستانی معیشت کو سنگین نقصان ہو سکتا ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض نے کہا ہے کہ اس سے ترسیلات زر میں 20 سے 25 فیصد کمی کا امکان ہے۔

ثاقب فیاض کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک میں پاکستانی ورکرز کو ویزے ملنے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں، حالانکہ ان ممالک نے ایف پی سی سی آئی کے لیٹرز پر یقین دہانی کرائی تھی کہ ورکرز کو ویزے ملیں گے۔ تاہم، اب صورتحال یہ ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے لیٹرز پر بھی 50 فیصد ویزے مسترد ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال کے دوران پاکستان کی ایکسپورٹ 22 ارب ڈالر جبکہ امپورٹ 37 ارب ڈالر رہی، جس سے ایک بڑا تجارتی خسارہ ہوا ہے۔ یہ خسارہ ترسیلات زر سے پورا ہو رہا ہے اور اگر ویزا مسائل برقرار رہے تو اس سے معیشت پر مزید منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

ثاقب فیاض نے وزارت خارجہ امور سے مطالبہ کیا کہ اس سنگین مسئلے پر فوری طور پر قابو پایا جائے تاکہ پاکستانی ورکرز کو گلف ممالک میں کام کے مواقع مل سکیں اور معیشت کو درپیش چیلنجز کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ خبریں