اہم خبریں

عدالت نے اہم پی ٹی آئی رہنما کی گرفتاری سے روک دیا

اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجا کے خلاف 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات کے معاملے میں انسداد دہشتگردی عدالت نے ان کی گرفتاری روک دی۔

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں سلمان اکرم راجا کی 4 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران عدالت نے سلمان اکرم راجا کی گرفتاری سے روکتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔

عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ اس دوران سلمان اکرم راجا کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کی گئی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت 5 مئی تک ملتوی کر دی۔

دوسری جانب اے ٹی سی اسلام آباد میں 26 نومبر کے احتجاج کے معاملے پر پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں شہریار آفریدی، شیرافضل، عبدالقیوم نیازی اور رؤف حسن عدالت میں پیش ہوئے۔ جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ان رہنماؤں کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے ان کی عبوری ضمانتوں میں بھی 5 مئی تک توسیع کر دی۔

متعلقہ خبریں