کراچی (اے بی این نیوز)یوم علیؓ کے موقع پر کمشنر کراچی نے دو روز کےلیے شہر میں دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
کراچی کے تمام اضلاع کے ڈی آئی جی پولیس کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی رینج کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کراچی ڈویژن کی حدود میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس پابندی پر عملدرآمد کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پابندی 21 اور 22 مارچ یعنی جمعہ اور ہفتہ تک نافذ رہے گی۔
21 رمضان المبارک کو یوم علیؑ کے موقع پرکسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے اور واقعات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ تھانوں کے اسٹیشن ہاؤس آفیسرز کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے خلاف تحریری طور پر شکایات درج کریں۔