اہم خبریں

خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 9 خوارج ہلاک، 2 جوان شہید ہو گئے

پشاور ( اے بی این نیوز )خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں میں 9 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے 14 اور 15 مارچ کو کارروائیاں کیں۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مہمند میں آپریشن کیا اور مؤثر طریقے سے خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اس آپریشن میں 7 خوارج مارے گئے، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں حوالدار محمد زاہد اور سپاہی آفتاب علی شاہ شامل ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مڈی میں بھی کارروائی کی، جہاں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، اور یہ خوارج دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں سکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

متعلقہ خبریں