محکمہ صحت نے ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر تمام ملازمین کو سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کی تنقید یا تبصروں سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایک اعلامیہ کے مطابق، محکمہ صحت نے تمام میڈیکل عملے کو سوشل میڈیا کے استعمال کو محدود رکھنے کی تاکید کی ہے اور وفاقی حکومت کی سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق گائیڈ لائنز کی پیروی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ کسی بھی قسم کی معلومات سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے اس حوالے سے تمام میڈیکل اداروں اور تدریسی ہسپتالوں کے سربراہان کو مراسلہ جاری کیا ہے۔
یہ اقدام میو ہسپتال کے حالیہ واقعے کے بعد اٹھایا گیا ہے، جہاں میڈیکل پروفیشنلز نے سوشل میڈیا پر تنقید کی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد سوشل میڈیا پر غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنا اور میڈیکل پیشے کی عزت و وقار کو برقرار رکھنا ہے۔