اہم خبریں

اسلام آباد ہائیکورٹ نےپی ٹی آئی رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات کی درخواست مسترد کر دی

 

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں جنید اکبر اور دیگر کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی درخواست مسترد کر دی۔

روزنامہ جنگ کے مطابق عدالت نے درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔ اس فیصلے کا اعلان جسٹس خادم حسین سومرو نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواست پر کیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے رہنما بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے مقرر کردہ طریقہ کار کی پیروی نہیں کر رہے۔ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والے 8 رہنماؤں کی فہرست عدالت میں پیش کی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ان 8 رہنماؤں میں سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر گوہر، سلمان صفدر، نیاز اللہ نیازی، نعیم پنجوتھا، شعیب شاہین، ابوذر نیازی اور عزیر بھنڈاری شامل ہیں۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ 10 مارچ کو ان رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی تھی۔ درخواست گزاروں نے ملاقات کے لیے متعلقہ ایس او پی پر عمل نہیں کیا۔ اس لیے درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کر دیا گیا، اور درخواست گزاروں کو قانون کے مطابق ایس او پی کی پیروی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں