اسلام آباد( اے بی این نیوز ) رمضان ریلیف پیکیج 2025 کا آغاز کردیا گیا، پیکج سے 40 لاکھ خاندانوں کے 2 کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے 20 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج 2025 کا آغاز کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 40 لاکھ خاندان اور 20 ملین افراد مستفید ہوں گے اور 40 لاکھ مستحق خاندانوں کو ڈیجیٹل والیٹ کے ذریعے 5 ہزار روپے دیے جائیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ رمضان کے مقابلے اس بار مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے، اس بار رمضان پیکج میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، گزشتہ سال کے 7 ارب کے رمضان پیکج کے مقابلے میں اس بار 3 گنا اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان پیکج سے چاروں صوبوں کے مستحق خاندان مستفید ہوں گے، اس بار پیکج کو انتہائی آسان کردیا گیا ہے، اب لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مستحق خاندان پیکج سے مستفید ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کھربوں روپے کے محصولات جمع کرنے ہیں۔ کئی سالوں سے اسٹے آرڈر لے رہے ہیں لیکن کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ غریبوں کا پیسہ لوٹا جا رہا ہے۔ ہم اس کے ساتھ آہنی ہاتھ سے نمٹ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعظم کے رمضان ریلیف پیکج کے تحت اس بار کیش ٹرانسفر کیا جائے گا۔میڈیا سے گفتگو میں رانا تنویر حسین کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم کے رمضان ریلیف پیکج کے تحت اس بار ہم 40 لاکھ مستحقین کو فی مستحق خاندان 5 ہزار کیش رقم فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مستحقین کی کیٹیگری میں آنے والے افراد کو کیش ٹرانسفر کریں گے اور اس کیٹیگری میں آنے والے آبادی کی تعداد 2 کروڑ کے قریب ہے۔
مزید پڑھیں :حکومت کیلئے بری خبر،گر ینڈ اپوزیشن الائنس،پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے مابین برف پگھلنا شروع ہو گئی