اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے افغان حکومت سے مذاکرات کے لیے صوبائی سطح پر جرگہ تشکیل دے دیا۔وزیراعلیٰ کے پریس سیکرٹری کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر نے علی امین گنڈا پور سے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ اور افغان قونصل جنرل کے درمیان ملاقات میں باہمی تجارت کے فروغ، علاقائی امن و استحکام، صوبے میں مقیم افغان شہریوں کو درپیش مسائل کے حل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ رمضان المبارک اور عیدالفطر کے پیش نظر سرحد کو جلد از جلد کھولنے کی کوشش کی جائے گی۔وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اس موقع پر کہا کہ رمضان المبارک میں پاک افغان سرحد کی بندش سے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سرحد کی بندش دونوں طرف کے عوام کے مفاد میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرحد کی بندش سے کاروباری افراد کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ سرحد کو جلد سے جلد کھولا جائے، ہم اس حوالے سے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، افغان سفارت خانہ بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی امن پاکستان اور افغانستان دونوں کے مفاد میں ہے، خطے میں دیرپا امن کے لیے مذاکرات ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے افغان حکومت سے صوبائی سطح پر مذاکرات کے لیے جرگہ تشکیل دیا ہے، اور اب وفاقی حکومت کی جانب سے جرگے کے ٹی او آرز کی منظوری کا انتظار ہے۔ ٹی او آرز فائنل ہوتے ہی جرگہ افغانستان بھیجا جائے گا۔
مزید پڑھیں :26ویں ترمیم کےحوالےسےمولاناکےبھی تحفظات تھے،فیصل چودھری