اسلام آباد ( اے بی این نیوز )بھارت میں پولیس نے بنگلورو میں ایک وی لاگر جُنید کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے سوشل میڈیا کے ذریعے ایک نوجوان خاتون سے تعلق قائم کیا اور شادی کا جھوٹا وعدہ کر کے اس کا استحصال کیا۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ملزم کی شناخت جُنید کے نام سے ہوئی ہے، جو وازھیکاڈاو کا رہائشی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جُنید گزشتہ دو سال سے خاتون کا جنسی استحصال کر رہا تھا اور مختلف ہوٹلوں میں لے جا کر زیادتی کرتا رہا۔ مزید برآں، ملزم نے متاثرہ خاتون کی برہنہ تصاویر بھی بنائی تھیں، جنہیں وہ بلیک میل کرنے کے لیے استعمال کر رہا تھا۔
متاثرہ خاتون کی شکایت پر ملپرم پولیس نے مقدمہ درج کیا اور ملزم کی تلاش شروع کر دی۔ ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن پولیس کی ٹیم نے اسے بنگلورو ایئرپورٹ کے قریب گرفتار کر لیا۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔