اسلام آباد ( اے بی این نیوز )قومی بچت بینک یا سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح میں ایک ماہ میں دوسری مرتبہ کمی کر دی ہے۔ یہ کمی 25 فروری سے نافذ العمل ہوگئی ہے، اس سے پہلے 31 جنوری کو بھی منافع کی شرح میں کمی کی گئی تھی۔
بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس کو حکومت نے 2003 میں بزرگوں اور بیواؤں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرایا تھا کیونکہ یہ ایک مناسب شرح پر ماہانہ منافع فراہم کرتے ہیں۔
یہ سرٹیفکیٹس مختلف مالیتوں میں دستیاب ہیں جیسے 5,000 روپے، 10,000 روپے، 50,000 روپے، 100,000 روپے، 500,000 روپے اور 1,000,000 روپے۔ بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس پاکستان کے درج ذیل شہریوں کو خریدنے کی اجازت دیتے ہیں: بزرگ شہری جن کی عمر 60 سال یا اس سے زائد ہو، بیوہ (جب تک کہ دوبارہ شادی نہ کرے)، معذور افراد اور نابالغ جو اپنے والدین کے ذریعے سرٹیفکیٹس خرید سکتے ہیں۔
ایک فرد زیادہ سے زیادہ 7.5 ملین روپے کی سرمایہ کاری کر سکتا ہے، جبکہ مشترکہ سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے یہ حد 15 ملین روپے ہے۔
حکومت نے بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس پر منافع کی نئی شرح 13.58 فیصد مقرر کی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر آپ 1 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کرتے ہیں تو آپ کو ماہانہ 1131 روپے کا منافع ملے گا۔