اہم خبریں

خبردار!!! دوستی کی کالز سے محتاط رہیں، ہنی ٹریپ کا شکار ہو سکتے ہیں، معصوم شہریوں کے لیے آگاہی مہم شروع

 

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب نے شہریوں کو دھوکہ دہی اور فراڈ سے بچانے کے لیے ایک آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ہونے والے فراڈ سے بچنے کے لیے ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ ان ہدایات میں کہا گیا ہے کہ شہری انجان افراد سے کسی بھی نوعیت کی معلومات شیئر نہ کریں، خاص طور پر واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ انجان نمبرز سے آنے والی کالز یا پیغامات پر کسی بھی قسم کی رقم یا کوڈ نہ بھیجیں۔

مزید یہ کہ نان کسٹم پیڈ اشیاء کی خریداری کے دوران کسی سے کوڈ یا اکاونٹ نمبر نہ شیئر کریں اور نہ ہی کسی جھوٹی اغوا کی کال پر رقم بھیجیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ شہری خواتین کی جانب سے آنے والی دوستی کی کالز سے محتاط رہیں کیونکہ یہ ہنی ٹریپ کا حصہ ہو سکتی ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی ذاتی، دفتری یا خاندانی معلومات کسی انجان شخص کو نہ دیں اور انٹرنیٹ پر مشکوک یا انجان لنکس کو نہ کھولیں۔ مزید یہ کہ اگر کسی شہری کو کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی یا فراڈ کا سامنا ہو، تو فوراً ایمرجنسی نمبر 15 پر اطلاع دیں۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو مکمل ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں تاکہ فراڈ اور دھوکہ دہی سے بچا جا سکے۔

متعلقہ خبریں