اہم خبریں

رمضان المبارک کا چاند نظرنہیں آیا ،اتوار کو پہلا روزہ ہوگا،مر کز ی رویت ہلا ل کمیٹی

پشاور (اے بی این نیوز     ) مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک 1446 ہجری کا پہلا روزہ 2 مارچ بروز اتوار کو ہو گا۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ رمضان المبارک کا پہلا روزہ 2 مارچ بروز اتوار ہوگا۔رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو پشاور میں ہوا تاہم ملک کے کسی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہو سکی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا جس میں پاکستان بھر سے مرکزی اور 6 زونل کمیٹیوں کے 19 اراکین نے شرکت کی۔ مرکزی اجلاس میں ملک بھر کی زونل کمیٹیوں سے رابطہ کیا گیا اور چاند نظر نہ آنے کے حوالے سے زونل کمیٹیوں کی رپورٹس کے بعد حتمی فیصلہ کیا گیا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ چاند دیکھنے کی حد صبح 7 بج کر 24 منٹ تک تھی۔اس سے قبل لاہور زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چاند نظر نہ آنے کے باعث ختم ہوگیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں چاند نظر نہیں آیا۔ شہر میں شام 6 بج کر 32 منٹ تک چاند نظر آ سکتا تھا جو نہ ہو سکا۔

اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر اضلاع سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔دوسری جانب کراچی اور کوئٹہ کی زونل کمیٹیوں کو بھی چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔اس سے قبل قومی تنظیم سپارکو نے بھی بتایا تھا کہ نئے چاند کی پیدائش آج صبح 5 بجکر 45 منٹ پر ہوئی جس کے باعث آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے ہوگی۔

سپارکو کے ترجمان کے مطابق 28 فروری کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے اور اونچائی 5 ڈگری ہوگی۔ چاند کی اونچائی اور فاصلے کم ہونے کی وجہ سے ہلال کو دیکھنا مشکل ہے۔ترجمان کے مطابق آج چاند اور سورج کے درمیان کونیی فاصلہ 7 ڈگری ہے، ہلال انسانی آنکھ سے نظر نہیں آئے گا۔

مزید پڑھیں :الائیڈ بینک آبپارہ کے باہر ڈکیتی، 20 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے

متعلقہ خبریں