اہم خبریں

چیمپئنز ٹرافی،پاکستان بمقابلہ بھارت، پاکستان 241 رنز پر آؤٹ

دبئی ( اے بی این نیوز       )پاکستان بمقابلہ بھارت: پاکستان 241 رنز پر آؤٹ۔ چیمپئنز ٹرافی کے پانچویں میچ میں پاکستان نے 241 رنز بنا کر بھارت کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دیا۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بھارت کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے بابر اعظم اور امام الحق نے پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا جب کہ فاسٹ بولر محمد شامی نے بھارت کی جانب سے پہلا اوور کروایا۔
پاکستانی اوپنرز نے ذمہ داری اور محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کے اسکور کو 6 اوورز میں 26 رنز تک لے گئے۔ بابر اعظم 26 گیندوں پر 23 رنز بنانے کے بعد وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ امام الحق 10 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
ایک موقع پر بابر اعظم نے شاندار کور ڈرائیوز مارنا شروع کر دیں اور بھارتی کھلاڑیوں میں بے چینی کے آثار نظر آنے لگے لیکن اسی دوران پاکستان کی پہلی وکٹ 8.2 اوورز میں 41 رنز پر گری جب کہ دوسری وکٹ 47 رنز پر گری۔
جس کے بعد کپتان محمد رضوان اور سعود شکیل نے 104 رنز کی شراکت قائم کی۔ تیسرے پاکستانی آؤٹ ہونے والے کپتان محمد رضوان تھے جو 46 رنز بنانے کے بعد اکشر پٹیل کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔
ان کی وکٹ گرنے کے فوری بعد پاکستانی بیٹنگ لائن کو ایک بار پھر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلے تو سعود شکیل کا کیچ ڈراپ ہوا لیکن اس کے فوراً بعد وہ بھی 76 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، یوں پاکستان کو چوتھا نقصان 159 کے مجموعی سکور پر سعود شکیل کی صورت میں اٹھانا پڑا۔
پانچویں پاکستانی آؤٹ ہونے والے کھلاڑی طیب طاہر تھے جو 165 کے اسکور پر 6 گیندوں پر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد پاکستان کے چھٹے کھلاڑی سلمان آغا 200 کے مجموعی اسکور پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اسی سکور پر شاہین آفریدی بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
کٹ کے ایک طرف خوشدل شاہ رنز بناتے رہے، پہلے نسیم شاہ نے 14 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا، پھر حارث رؤف نے 8 رنز بنا کر سکور کو آگے بڑھانے میں مدد کی۔ قومی ٹیم کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی خوشدل شاہ تھے جنہوں نے 39 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 3، ہاردک پانڈیا نے 2 جب کہ ہرشت رانا، اکسر پٹیل اور ویندرا جدیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اور اس سے قبل دبئی میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ آج کے میچ میں ہماری ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

محمد رضوان نے کہا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فخر زمان کی جگہ امام الحق ٹیم میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی یہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہیں، آئی سی سی ٹورنامنٹ کا ہر میچ اہم ہے، آج پچ سست ہوسکتی ہے، شام کو اوس پڑنے کے امکانات کم ہیں۔
بعد ازاں بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو بولنگ کرتے، پاکستان کے ٹاس جیتنے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، آج کی پچ بھی پچھلے میچ جیسی ہے۔ روہت شرما نے کہا کہ ہمارے پاس تجربہ کار بلے باز ہیں، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، آج کے میچ میں تمام کھلاڑیوں کا پرفارم کرنا ضروری ہے۔
بابر اعظم، امام الحق، سعود شکیل، محمد رضوان، آغا سلمان، طیب طاہر، خوشدل شاہ، ابرار احمد، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف آج بھارت سے مقابلے کے لیے میدان میں اترے ہیں۔روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایر، اکسر پٹیل، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، ہرشت رانا، محمد شامی اور کلدیپ یادیو آج کے میچ کے لیے ٹیم کا حصہ ہیں۔

مزید پڑھیں :اسلام آباد،راولپنڈی میں 24، 25 اور27 فروری کو بڑی گاڑیوں کا داخلہ بند ہوگا،وجہ جانئے کیوں

متعلقہ خبریں