اہم خبریں

مصطفیٰ عامر کی لاش، پولیس سرجن کےلرزہ خیزانکشافات

کراچی( اے بی این نیوز )پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے مصطفیٰ عامر کی لاش کے حوالے سے دل دہلا دینے والے انکشافات کیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ عامر کی لاش کے مکمل حصے موجود نہیں تھے، جس کی وجہ سے موت کی وجہ کا تعین کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، مصطفیٰ عامر قتل کیس میں لاش کے 11 نمونے سندھ فرانزک ڈی این اے لیب بھجوا دیے گئے ہیں۔ پولیس سرجن نے بتایا کہ فنگر پرنٹس نہ ہونے کی وجہ سے صرف ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ہی موت کی وجہ کا پتہ چلایا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر سمعیہ سید نے مزید کہا کہ جلی ہوئی لاشیں عموماً مکمل نہیں ملتی اور اس کیس میں بھی لاش کے مکمل حصے موجود نہیں تھے۔ انھوں نے بتایا کہ لاش سے کچھ سیمپلز کیمیکل تجزیے کے لیے اور کچھ ایکسٹرا سیمپلز بھی لیے گئے ہیں، جو عام کیسز میں کافی سمجھے جاتے ہیں۔

ایس ایس پی اےوی سی نے کہا کہ ڈی این اے رپورٹ کے بعد کیس میں مزید پیشرفت ہو گی اور حقائق سامنے آئیں گے۔ یاد رہے کہ مصطفیٰ عامر کے قتل کیس میں گزشتہ روز عدالتی حکم پر قبر کشائی کی گئی تھی، جس کے بعد نمونے حاصل کیے گئے تھے۔ قبر کشائی پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کی سربراہی اور مجسٹریٹ کی نگرانی میں کی گئی۔

متعلقہ خبریں