کوئٹہ (اے بی این نیوز)کوئٹہ کے نواحی علاقے شعبان میں دہشتگردوں کے حملے میں دو پولیس اہلکار شہید اور محکمہ جنگلات کے اہلکار سمیت دو زخمی ہوگئے ۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ سے تقریبا 40 کلومیٹر دور تفریحی مقام شعبان میں دہشتگردوں نے پولیس اور محکمہ جنگلات کے ناکے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے ۔ جبکہ زخمیوں میں ایک پولیس کانسٹیبل اور محکمہ جنگلات کا ایک اہلکار شامل ہے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔شہید اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل شمس السلام اور سپاہی محمد رمضان کے نام سے ہوئی ہے ۔
جبکہ زخمیوں میں سپاہی آصف رضا اور محکمہ جنگلات کا اہلکار محمد حنیف شامل ہے۔واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا ۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسعد کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے دوران 4 دہشتگرد مارے گئے ۔ شعبان اور اطراف کے پہاڑی علاقوں میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔ سیکیورٹی ادارے فرار ملزمان کا تعاقب کررہے ہیں ۔
مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں انجرڈ ہونے پر فخر زمان ڈریسنگ روم میں رو پڑے