اسلام آباد ( اے بی این نیوز )اپوزیشن اتحاد سے خائف حکومتی اہلکاروں کے بیانات پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل آگیا۔ شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عوامی تائید سے محروم سیاسی ٹولہ حقیقی سیاست اور عوام کی منشا سے بری طرح گھبرایا ہوا ہے،
عام انتخابات میں عوام نے انہیں مسترد کرکے ان کی سیاست کو تاریخ کے کوڑے دان میں دفن کیا۔ تاریخ کے کوڑے دان سے اٹھ کر یہ گروہ ضمیر، آئین اور جمہوریت بیچ کر اپنا دھندہ چلانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
جس دن آمریت کا سورج غروب ہوگا، سیاسی جیب تراشوں کا یہ گروہ بے آسرا ہو کر قومی سیاست سے گدھے کے سینگوں کیطرح غائب ہوجائے گا۔ پارلیمان میں ان کی موجودگی مقننہ کی حیثیت اور اہمیت مسلسل خاک میں ملا رہی ہے۔
فارم سینتالیس کے نتیجے میں ملنے والے اقتدار کے عوض انہوں نے عدلیہ، میڈیا، بنیادی حقوق اور جمہوریت کے کھلے قتل میں شرمناک سہولت کاری کی ہے۔ سیاسی بھکاریوں کے پاس مذاکرات کے نتیجے میں کسی فیصلے کی کوئی طاقت ہے نہ اس کی کوئی امید ممکن ہے۔
پاکستان کی خاطر ان سے گفتگو کی کوشش کی مگر خود کو ڈھانپنے کی بجائے یہ گروہ دنیا کے سامنے مزید بےلباس ہوکر آیا۔ بانی چیئرمین موت کی چکی میں قید کے دوران اپنے ملک اور اپنی قوم کو مکمل تباہی سے بچانے کیلئے مقتدر قوتوں کو اصلاحِ احوال کی دعوت دے رہے ہیں۔
بےجا تکبّر، نخوت اور غرور نے پہلے بھی حکمرانوں کو شرمسار کیا اور تاریخ کی بدترین ذلت میں مبتلا کیا۔ عوام تائید ایک جمہوری سماج میں حقیقی طاقت ہوا کرتے ہیں، جسے لاٹھی اور بندوق سے زیر کرنا ممکن نہیں۔
جو اپنی سمت درست کرنے پر آمادہ نہ ہوں ان کا قبلہ تاریخ درست کرتی ہے اور یہ کام کرنے کیلئے تاریخ بھاری خراج بھی وصول کرتی ہے۔ نمرود اور فرعون کی راہ پر جو بھی چلے گا، اسی انجام سے دوچار ہوگا جو کائنات کے خالق نے نمرودوں اور فرعونوں کیلئے ازل سے مقرر کررکھی ہے۔
مزیدپڑھیں :ہزاروں ملازمین کی سنی گئی، بہت بڑی خوشی کی خبر آگئی،جانئے کیا