راولپنڈی ( اے بی این نیوز )راولپنڈی میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا، واسا نے شہر میں واٹر ایمرجنسی نافذ کردی۔ خشک سالی پر ایم ڈی واسا نے خبردار کیا ہے کہ فروری اور مارچ میں بارشیں نہ ہوئیں تو پانی کا مسئلہ سنگین ہو جائے گا، محکمہ موسمیات نے کم بارشوں کی پیشگوئی کی ہے،سلیم اشرف نے کہا ہے کہ آبادی میں اضافہ اور کمرشل سرگرمیوں سے پانی کے ذخائر میں کمی ہو رہی ہے، خشک سالی کے باعث دستیاب پانی کی تقسیم مشکل ہوگئی ہے، پانی کے کم استعمال کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کی ہے۔
واٹر ایمرجنسی سے متعلق بیان میں کہا گیا ہے کہ خشک سالی کے باعث ڈیموں میں اور زیرِ زمین پانی شدید متاثر ہوا ہے، پانی کی طلب اور سپلائی بھی شدید متاثر ہے،مینجنگ ڈائریکٹر واسا نے کہا کہ راولپنڈی کی طلب 68 ملین گیلن پانی یومیہ ہے جبکہ دستیاب پانی صرف51 ملین گیلن یومیہ ہے، پانی کی ضرورت راول ڈیم، خان پور ڈیم اور ٹیوب ویلز سے پوری کی جارہی ہے، زیرِ زمین پانی کا لیول 7 سو فٹ نیچے چلا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پانی ضائع کرنے پر واسا نے 2 شہریوں کے چالان کیے ہیں، پانی کے غیر ضروری استعمال پر مقدمات کا اندراج کریں گے،ایم ڈی واسا نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پانی کا استعمال کم کریں اور واسا کے ساتھ تعاون کریں، خان پور ڈیم کی بھل صفائی کے باعث 22 فروری تک پانی کی سپلائی معطل رہے گی۔
مزید پڑھیں: کراچی کا جوڑا وادی نیلم کے گیسٹ ہائوس میں دم گھٹ کرجاں بحق