اہم خبریں

سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 15 دہشت گرد ہلاک، لیفٹیننٹ سمیت 4 جوان شہید

 

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے دو مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 15 غیر ملکی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ان کارروائیوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں چار جوان شہید ہو گئے، جن میں لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف بھی شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر ڈیرہ اسمٰعیل خان میں آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 9 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ اس کے بعد شمالی وزیرستان میں بھی کارروائی کی گئی، جس کے دوران 6 غیر ملکی دہشت گرد مارے گئے۔

دورانِ آپریشن، شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس میں چار فوجی جوان شہید ہوئے جن میں لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف، نائب صوبیدار محمد بلال، سپاہی فرحت اللہ اور سپاہی ہمت خان شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں پانچ کارروائیاں کرتے ہوئے 13 غیر ملکی دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔ ان کارروائیوں میں ڈیرہ اسمٰعیل خان، وزیرستان، لکی مروت اور خیبر کے علاقے شامل تھے، جن میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیے گئے۔

متعلقہ خبریں