اہم خبریں

رمضان المبارک میں عوام کو پلاٹ، موبائل فونز اور موٹر سائیکلز دینے کا اعلان کر دیا گیا

کراچی ( اے بی این نیوز )سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری نے رمضان المبارک کے موقع پر عوام کو خوشخبری دیتے ہوئے اعلان کیا کہ گورنر ہاؤس کی جانب سے قرعہ اندازی کے ذریعے پلاٹ، موبائل فونز اور موٹر سائیکلز تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس اعلان کا اظہار گورنر ہاؤس میں ہونے والی پریس کانفرنس میں کیا۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں سے عوام کی آمد میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہر سال اس میں مزید لوگ شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 56 لاکھ افراد گورنر ہاؤس آ چکے ہیں اور وہاں ہونے والے مختلف پروگرامز اور آئی ٹی کورسز سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

اس سال رمضان میں گورنر ہاؤس میں “اتحاد رمضان” کے عنوان سے خصوصی پروگرام منعقد کیا جائے گا، جس میں مختلف ممالک سے قاری اور نعت خواں مدعو ہوں گے۔ اس کے علاوہ بچوں کو پہلے روزے بھی کرائے جائیں گے، اور شہدا کی فیملیز کو بھی دعوت دی جائے گی تاکہ ان سے رمضان کے حوالے سے سوالات کیے جا سکیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اس سال قرعہ اندازی میں 50 پلاٹ، 100 موبائل فونز اور موٹر سائیکلز دی جائیں گی۔ ان کا مقصد اتحاد و محبت کا پیغام دینا ہے اور لوگوں کو جمع کر کے ایک دوسرے کے ساتھ محبتیں بڑھانا ہے۔

کامران ٹیسوری نے ٹریفک کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ انہوں نے 70 سے زائد ٹینکر حادثات کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کیا ہے اور متعلقہ حکام کے خلاف سخت کارروائی کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر شہر میں نکلیں گے اور غیر قانونی طور پر چلنے والے ٹینکرز کو ٹریفک پولیس کے حوالے کریں گے۔

گورنر سندھ نے اس بات کا بھی دعویٰ کیا کہ اگر ٹریفک پولیس کو ان کے حوالے کیا جائے تو کسی بھی حادثے کی صورت میں وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمت عملی کو عمل میں لانے کی ضرورت ہے تاکہ سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کیا جا سکے اور ٹریفک حادثات میں کمی لائی جا سکے۔

متعلقہ خبریں