حج و عمرہ کی ادائیگی کے لیے محکمہ صحت کے ویکسین سینٹرز میں جعلی ویکسین سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے برڈوڈر روڈ پر واقع ویکسین سینٹر میں کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر اور اسسٹنٹ سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان نے شہری سے جعلی ویکسین لگوانے کے لیے 20 ہزار روپے طلب کیے تھے۔ ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق، ویکسین سینٹر سے بغیر ویکسین لگائے سرٹیفکیٹس بھی جاری کیے جا رہے تھے۔
یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا ہے جب سعودی حکومت نے گردن توڑ بخار کی ویکسین کی شرط کو معطل کرنے کا اعلان کیا۔ سعودی حکومت نے عمرہ زائرین اور اپنے ملک میں آنے والے مسافروں کو بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے اس ویکسین کی شرط کو فی الحال معطل کر دیا ہے۔ اس حوالے سے سعودی حکام کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کے ذرائع نے مزید بتایا کہ سعودی حکومت کے فیصلے کے مطابق، اب صرف پولیو ویکسین سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہوگی۔ اس سے پہلے سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے گردن توڑ بخار کی ویکسین لازمی تھی، جس کی وجہ سے لاہور کے میڈیکل اسٹورز پر یہ ویکسین بلیک میں فروخت ہو رہی تھی۔