کراچی(نیوزڈیسک) معروف سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کے بیٹے اور ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی اپنے والد ہی کی طرح دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں اور اب انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ایئرایمبولینس سروس دوبارہ شروع کریں گے جب کہ ہنگامی حالات میں زخمیوں کی امداد کے لیے ایئر ایمبولینس وہ خود اڑائیں گے۔تفصیلات کے مطابق ایئرایمبولینس کے ذریعے زلزلے اورسیلاب کی صورت میں حادثات کے شکار افراد تک جلد ازجلد امداد پہنچنے میں مدد ملے گی اور اس طرح قیمتی جانوں کے ضیاع کو کم کیا جاسکے گا۔ واضح رہے کہ عالمی شہرت یافتہ سماجی رہنما عبدالستار ایدھی گزشتہ سال کراچی کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔ عبدالستار ایدھی نے 1951 میں کراچی میں ایک ڈسپینسری سے سماجی خدمت کا آغاز کیا تھا اور اب چاروں صوبوں میں ان کی ایمبولینس سروس، لاوارث بچوں اور بزرگ افراد کے لیے مراکز اور منشیات کے عادی لوگوں کی بحالی کے مراکز قائم ہیں جب کہ ایدھی فاؤنڈیشن کو دنیا کی سب سے بڑی نجی ایمبولینس سروس رکھنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔