پشاور (اے بی این نیوز)بانی پاکستان تحریک انصاف جناب عمران خان کی ویژن کے مطابق تمام محکموں میں شفافیت لانے کے لیے ضروری ہے کہ ان کو ڈیجیٹائز کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی شفقت ایاز نے نجی آئی ٹی کمپنی کی تنظیم پاشا کی طرف سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تعارفی اجلاس کی صدارت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی، تقریب میں نجی بینک کے اہلکاروں کے علاوہ مختلف آئی ٹی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ خیبر پختونخوا کے اہلکاروں نے شرکت کی۔
آئی ٹی کمپنی پاشا کی طرف سے معاون خصوصی کو تنظیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور سائنس و ٹیکنالوجی کی صنعت کی ترقی کے حوالے سے کی گئی اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی ، معاون خصوصی نے تنظیم کو بہترین آگاہی پروگرام منعقد کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور نجی بینک اور آئی ٹی ایسوسی ایشن کی کاوش کو کافی سراہا ۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھانے کے لئے اس سیکٹر کے فروغ کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں گے، اور سائنس و ٹیکنالوجی کی بدولت ترقی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام محکموں کو ڈیجیٹائز کرنے کا عمل جاری رکھا جائے گا ، جیسا کہ صوبے کے جیل خانہ جات کو ڈیجیٹائز کردیا گیا۔
اب جیل میں قیدیوں کے ساتھ ان کے عزیزوں کی ملاقات ان لائن ہوگی، وقت آگیا ہے کہ صوبائی حکومت کے تمام امور کو پیپر لیس کیا جارہا ہے اور ساتھ e- cabinet اجلاس منعقد کرنے پر کام کیا جائے گا تاکہ وقت اور پیسہ بچایا جائے ،انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ محکمہ صحت کے تمام ہسپتالوں اور لیبارٹریوں کو ڈیجیٹائز کردیا جائے اور ہر مریض کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے تاکہ مریض کے صحت کے بارے میں مکمل معلومات کی دستیابی ممکن بنایا جائے ۔
معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی شفقت ایاز نے تمام پرائیویٹ آئی ٹی کمپنیوں کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت ان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہیں تاکہ صوبے کے ہر محکمہ میں سائنس و ٹیکنالوجی کا استعمال لاکر ڈیجیٹائز کیا جائے تاکہ شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیا جائے، صوبے کے تمام محکموں میں آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے کافی مواقع موجود ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو اس طرف راغب کیا جائے۔ اخر میں معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی شفقت ایاز کو ایسوسی ایشن کی طرف سے یادگاری شیلڈ پیش کیا گیا۔
مزید پڑھیں: چیمپینز ٹرافی سے قبل آسٹریلیا کو جھٹکا، اہم کھلاڑی ٹورنامنٹ سے باہر