اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما فواد چوہدری کی اہلیہ حبا چوہدری نے پی ٹی آئی کارکنان سے ایف 8 کچہری پہنچنے کی اپیل کی ہے۔ اسلام آباد میں فواد چوہدری کی درخواست ضمانت پر سماعت میں وقفے کے دوران میڈیا سے گفتگو میں حبا چوہدری نے کہا کہ فواد چوہدری ساڑھے بارہ بجے ایف 8 کچہری میں پیش کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں فیملی کے تمام لوگ موجود ہیں، کارکنان بھی ایف 8 کچہری پہنچے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد وقاص احمد راجہ نے الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کے لیے پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔