اہم خبریں

ہم نے بندوق نہیں ، ہمیشہ اپنے کارکنوں کی لاشیں اٹھائی ہیں، نیئر حسین بخاری ، فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد(اے بی این نیوز   )پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری اورسیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ محبوب اللہ جان اور بلال شیرپائو کی اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت پر انہیں خوش آمدید کہتے ہیں،جلد انتخابات مسائل کاحل نہیں اور نہ ڈالر اس سے فراوانی سے آئیں گے،سابق حکومت نے دنیا میں پاکستان کو تنہا کردیا،فواد چوہدری کی گرفتاری سیاسی نہیں،شیخ رشید کے آصف زرداری کے بارے میں بیان کی مذمت کرتا ہوں، ہم نے بندوق نہیں بلکہ ہمیشہ سے اپنے کارکنوں کی لاشیں اٹھائی ہیں،ہمیں چور کہنے والے خود چور ثابت ہوئے جبکہ عمران خان اپنی بیٹی کو بیٹی کہے۔سابق رکن اسمبلی اور ق لیگ کے صوبائی صدر محبوب اللہ جان اور بلال شیرپاو کی اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر چوہدری منظور احمد ،شجاع خان،نذیر ڈھوکی،راجہ نور الہٰی و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ محبوب اللہ جان اور بلال شیرپاو کو اپنی اور پی پی پی کی قیادت کی جانب سے پارٹی میں شمولیت کے موقع پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ بلال شیر پاو کا خاندان بہت عرصے سے پی پی پی سے منسلک ہے۔ یہ عملی سیاست کا آغاز پی پی پی سے کرنا چاہتے ہیں۔ نیئر بخاری نے کہا کہ پی پی پی نے جمہوریت ،آئین و قانون کی بالادستی کیلئے قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوصوبائی اسمبلیاں تحلیل ہو چکی ہیں۔قومی اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی اور انتخابات وقت پر ہوں گے۔جلدی انتخابات مسائل کاحل نہیں اور نہ ڈالر اس سے فراوانی سے آئیں گے۔ نیئر بخاری نے کہا کہ ہم مذاکرات کے لئے تیار ہیں مگر بغیر شرائط کے۔ جب ہم اپوزیشن میں تھے تو ہم نے اس وقت کی حکومت کو مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کی دعوت دی تھی لیکن سابق وزیر اعظم کا رویہ سب کے سامنے ہے۔پرویز الہٰی کی کوشش تھی کہ اسمبلی تحلیل نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمران قوم کو کوئی پالیسی نہیں دے سکے،50لاکھ گھر،ایک کروڑ نوکریاں اور معاشی استحکام میں سے کوئی وعدہ پورا نہیں ہوا،انہوں نے پاکستان کو تنہا کردیا۔ بلاول بھٹو زرداری جب سے وزیر خارجہ بنےہیں ہمارے بیرونی دنیا سے تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔موجودہ حکومت ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔روس کیساتھ تیل کا معاہدہ طے پا چکا ہے۔معیشت کو دنیا میں ہر جگہ خطرات لاحق ہیں، ہمیں احساس ہے کل کو ہم نے لوگوں کے سامنے جانا ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میں تمام لوگوں کو اپنے پی پی پی کے قافلےمیں خوش آمدید کہتاہوں،پاکستان کے سابق وزیر داخلہ نے پی پی پی اور آصف زرداری پر بڑا الزام لگایا،میں اسکی مذمت کرتا ہوں۔ شیخ رشید جانتے ہیں کہ پی پی پی کا یہ وتیرا نہیں ہے۔ ہم نے بندوق نہیں اٹھائی بلکہ ہمیشہ سے اپنے کارکنوں کی لاشیں اٹھائی ہیں۔ہمیں عمران خان سے کوئی خطرہ نہیں۔ عمران خان کو سب سے بڑا خطرہ اپنے لوگوں سے ہے۔عمران خان چھپ کر زمان پارک میں بیٹھا ہے۔وہ باہر نکل کر انتخابی مہم چلائیں۔شاید وہ انتخابی مہم بھی گھر میں ہی بیٹھ کرچلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کی گرفتاری سیاسی نہیں بلکہ ایک ادارے کی طرف سے ایف آئی آر درج ہونے پر کی گئی ہے۔ انہی کے دور میں کے پی میں دوبارہ دہشتگردی شروع ہوئی ،پرامن صوبہ بد امنی کا شکار ہے۔علی امین گنڈہ پور کے خلاف قتل کا مقدمہ انہی کی جماعت کے لوگوں نے درج کروایا۔پی ٹی آئی کے ایک کارکن نے اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی کو قتل کردیا،رکن صوبائی اسمبلی فیصل زمان پر بھی قتل کی ایف آئی آر درج ہے۔ آج کے پی کی میں تنخواہیں دینے کے لیئےپیسے نہیں۔ ان سب کا احتساب ہونا چاہیے۔ ہمیں چور کہنے والے خود چور ثابت ہوئے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آصف زرداری اپنے ورکروں کو بیٹا کہتا ہے،عمران بھی اپنی بیٹی کو بیٹی کہے۔ہم نے کراچی اور حیدر آباد میں ٹریلر چلایا ،عام انتخابات میں کے پی اور پنجاب میں پوری فلم دکھائینگے۔

متعلقہ خبریں