اسلام آباد: حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ترجمان عرفان صدیقی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین کی آرمی چیف سے ملاقات پر بیرسٹر گوہر کو ایک پیغام دیا ہے کہ “دو دو تین تین دروازوں سے مذاکرات بیک وقت نہیں چلا کرتے”۔
ایک بیان میں عرفان صدیقی نے کہا کہ انہیں بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات اور اس میں ہونے والی گفتگو کے بارے میں معلومات حاصل ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے اس ملاقات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ فوجی سطح پر بات چیت شروع ہوگئی ہے اور بیک ڈور اور فرنٹ ڈور دونوں پراسیسز جاری رہیں گے۔
عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ دو یا تین مختلف دروازوں سے بیک وقت مذاکرات کرنا غیر مؤثر ہے، لہٰذا اب چھوٹے دروازوں، کھڑکیوں یا روشن دانوں میں جھانکنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ دروازہ کھل چکا ہے جس کے لیے سالوں سے کوشش کی جا رہی تھی، تو اب اس کوشش کو ترک کر دینا چاہیے۔عرفان صدیقی نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی اور علیمہ خان نے بھی بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات کو خوش آئند قرار دیا ہے۔